جمعہ 29 مئی 2026 - 20:30
عیدِ غدیر “عید الاکبر” ہے، اسے وقار، ادب اور مذہبی شعور کے ساتھ منایا جائے/ ”شہید امت کانفرنس“ اسلامی و دینی شعائر کی علامت ہے: امام جمعہ سکردو

حوزہ/مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان پاکستان میں نمازِ جمعہ کے عظیم الشان اجتماع میں امامِ جمعہ والجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے تقویٰ، خود احتسابی، دینی شعائر، قومی مسائل، گلگت بلتستان انتخابات اور ملکی سلامتی سمیت اہم موضوعات پر خطبہ دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان پاکستان میں نمازِ جمعہ کے عظیم الشان اجتماع میں امامِ جمعہ والجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے تقویٰ، خود احتسابی، دینی شعائر، قومی مسائل، گلگت بلتستان انتخابات اور ملکی سلامتی سمیت اہم موضوعات پر خطبہ دیا۔

علامہ شیخ حسن جعفری نے گمبہ سکردو میں سی ایم ایچ ہسپتال سے ملحقہ قدیمی آبادیوں کو دیے گئے انخلاء نوٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے آباد لوگوں کو ان کے گھروں، باغات اور زمینوں سے بے دخل کرنا ناانصافی ہے، متعلقہ ادارے غریب عوام کو بے گھر کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے شہیدِ امت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای رضوان اللہ علیہ کے چہلم کی مناسبت سے 13 جون کو مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی “شہیدِ امت کانفرنس” میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع اسلامی و دینی شعائر کی علامت ہے۔

عیدِ غدیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیدِ غدیر “عید الاکبر” ہے، اسے وقار، ادب اور مذہبی شعور کے ساتھ منایا جائے اور جامع مساجد کے تقدس کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے نماز میں صحیح قرأت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ عربی حروف کی غلط ادائیگی نماز کو باطل کر سکتی ہے، لہٰذا ہر شخص اپنی قرأت کی اصلاح کرے۔

انہوں نے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے فرمان “وہ ہم میں سے نہیں جو روزانہ اپنا محاسبہ نہ کرے” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان دنیاوی معاملات کا حساب تو رکھتا ہے مگر اپنے کردار، اخلاق اور ایمان کا محاسبہ نہیں کرتا، حالانکہ حقیقی کامیابی خود احتسابی اور کردار سازی میں ہے۔

انہوں نے مولا امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے فرمان ''كَلِمَةُ حَقٍّ يُرَادُ بِهَا بَاطِلٌ'' کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگِ صفین میں خوارج نے حق کے نام پر باطل فتنہ برپا کیا اور آج بھی خارجی فکر مختلف شکلوں میں موجود ہے، ریاست کے خلاف بغاوت اور فساد پھیلانے والے عناصر اسی سوچ کا تسلسل ہیں۔

امام جمعہ سکردو نے کہا کہ بہت سے لوگ ظاہری نعروں اور سازشوں کا شکار ہو کر حق و باطل میں تمیز نہیں کر پاتے۔

ملکی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ شیخ حسن جعفری نے کہا کہ پاک فوج ملک دشمن خوارج اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہے اور ان شاء اللہ وطنِ عزیز کے دشمن ناکام ہوں گے۔

انہوں نے یومِ تکبیر 28 مئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی دن پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا اور خطے میں طاقت کا توازن قائم ہوا، جبکہ محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔

انہوں نے گلتری کے عوام کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں سے حلقہ نمبر دو میں مقیم افراد کو ووٹ ڈالنے کے لیے گلتری جانے پر مجبور کرنا ناانصافی ہے، اس لیے ان کے حقِ رائے دہی کا انتظام اسی مقام پر کیا جائے جہاں وہ رہائش پذیر ہیں۔

گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ شیخ حسن جعفری نے کہا کہ عوام جذبات کے بجائے شعور، دیانت اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیں، کیونکہ ووٹ ایک امانت ہے اور اسے ایسے افراد کے حق میں استعمال کیا جانا چاہیے جو بجلی، پانی، لوڈشیڈنگ، آبپاشی اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی سیاسی جماعت کے حامی یا مخالف نہیں، بلکہ صرف اہل، باصلاحیت اور عوامی مسائل حل کرنے والے افراد کے انتخاب کے حامی ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha